ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 400 غیر ملکی جماعتیوں کو عدالت نے سنائی خوشخبری، گھر واپسی کا راستہ صاف

400 غیر ملکی جماعتیوں کو عدالت نے سنائی خوشخبری، گھر واپسی کا راستہ صاف

Thu, 23 Jul 2020 17:49:13    S.O. News Service

نئی دہلی،23؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) کورونا بحران کے درمیان بیرون ممالک سے تعلق رکھنے والے تبلیغی جماعت اراکین کے لیے اچھی خبر سامنے آ رہی ہے۔ دہلی کے نظام الدین مرکز معاملہ میں مقدمات کا سامنا کر رہے بیرون ممالک کے 400 جماعتیوں کو دہلی واقع ساکیت کورٹ نے ملک واپس جانے کی اجازت دے دی ہے۔ ان سبھی تبلیغی جماعت اراکین نے اپنی سزا مکمل کر لی ہے اور نظام الدین مرکز کیس کے تعلق سے ساکیت عدالت نے ہدایت دی ہے کہ سبھی کے پاسپورٹ واپس کیے جائیں۔ عدالت نے کرائم برانچ اور کیس کے آئی او سے بھی غیر ملکی جماعتیوں کو ان کے ملک واپس بھیجنے کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔

اس تعلق سے انگریزی نیوز پورٹل 'نیوز ٹریک' پر ایک خبر شائع ہوئی ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ عدالت کی ہدایت کے بعد کرائم برانچ نے سبھی 400 غیر ملکی جماعتیوں کے پاسپورٹ واپس کر دیئے ہیں۔ جن بیرون ممالک سے تعلق رکھنے والے تبلیغی جماعت اراکین کی وطن واپسی کی راہ ہموار ہو گئی ہے ان کا تعلق ملیشیا، نیپال، بنگلہ دیش، تھائی لینڈ، آسٹریلیا وغیرہ سے ہے اور ان میں خوشی کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ کرائم برانچ نے نظام الدین مرکز کیس میں کچھ ضابطوں کی خلاف ورزی کا معاملہ غیر ملکی جماعتیوں کے اوپر عائد کیا تھا۔ کرائم برانچ کا کہنا تھا کہ بیرون ممالک سے ہندوستان آئے ان جماعتیوں نے نظام الدین تبلیغی پروگرام میں شامل ہو کر ویزا قانون، بیرون ممالک قانون ضابطہ اور وبائی ایکٹ ضابطہ کو توڑنے کا عمل انجام دیا۔ عدالت میں جب اس تعلق سے چارج شیٹ داخل کی گئی تو ان سبھی جماعتیوں نے اپنی غلطی کا اعتراف کیا جس کے بعد عدالت نے ان پر نرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 ہزار سے 10 ہزار روپے تک کا جرمانہ عائد کر کے چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔


Share: